توہینِ مذہب کے کیسز میں ایک نوجوان لڑکی سمیت پانچ متاثرین جیلوں میں شدید تشدد کر کے مارے گئے

یہ آرٹیفیشیل انٹیلیجنس سے تخلیق کردہ خاکے ہیں۔ یہ ایف آئی اے اور بلاسفیمی بزنس گروپ کے ہاتھوں مرے گئے متاثرین کی اصل تصاویر نہیں ہیں۔

میں نے ایف آئی اے کے حراستی سیل میں فرش پر پڑے اپنے بیٹے کی طرف دیکھا تو اسکی حالت دیکھ کر میرے لئے اسے پہچاننا مشکل ہو گیا۔ میں نے جو دیکھا وہ دل دہلا دینے والا تھا۔ میرے اکلوتے بیٹے پر وحشیانہ تشدد کیا گیا تھا۔ صرف ایک ہفتے میں اس کا وزن کافی حد تک کم ہو گیا تھا۔ اسے دھمکیاں دی گئیں، مارا پیٹا گیا اور اس کے اعضاء پر بجلی کے جھٹکے لگائے گئے۔ اسے صرف اتنا کھانا اور پانی دیا گیا کے وہ زندہ رہ سکے۔ مجھے بتایا گیا کہ میرا بیٹا پہلے ہی جرم کا ‘اعتراف’ کر چکا ہے۔ ایسے خوفناک حالات میں کوئی کیسے کسی جرم کا "اعتراف” نہیں کرے گا؟




"میرا بیٹا ایک ہفتہ قبل سوشل میڈیا پر بننے والی اپنی نئی دوست ایمان کے ذریعے نوکری لینے اسلام آباد گیا لیکن وہاں سے وہ لاپتہ ہوگیا۔ ہم نے اسے تلاش کرنے کے لیے پولیس سے رابطہ کیا، لیکن ہمیں یہ جان کر حیرت ہوئی کہ وہ ایف آئی اے کی حراست میں تھا، جس پر پاکستان میں سب سے سنگین مجرمانہ جرائم کا الزام ہے: اور تعزیرات پاکستان کے آرٹیکل 295 اے، بی، اور سی، اور  الیکٹرانک کرائمز کی روک تھام کے ایکٹ کے تحت چارج کیا گیا ہے۔ مجھے قانونی دستاویزات پر دستخط کے لیے ایف آئی اے کے دفتر میں طلب کیا گیا۔ میں نے بہت التجائیں کئیں، نقد رقم دینے کی پیشکش کرنے اور طویل انتظار کے بعد، بالآخر مجھے اس سے ملنے کی اجازت مل گئی اور پھر میری کبھی نہ ختم ہونے والی آزمائش شروع ہوئی”- ایف آئی اے اور توہین رسالت کے کاروباری گروپ کا شکار ہونے ایک بیٹے کی ماں کا بیان۔

جھوٹے توہینِ مذہب کے مقدمات کے پانچ متاثرین جیلوں میں شدید تشدد کے بعد طبی سہولیات کی عدم فراہمی اور جیل حکام کی غفلت کے نتیجے میں ہلاک ہو چکے ہیں۔ ان میں لاہور کی 22 سالہ لڑکی فاطمہ جہانگیر بھی شامل ہے۔

______________________________________________________

اشتہار

تحقیقاتی صحافت کو آگے بڑھائیں۔

فیکٹ فوکس کے "گوفنڈمی” پیج کے درج ذیل لنک کے ذریعے فیکٹ فوکس کو سپورٹ کریں۔

https://gofundme.com/FactFocus

_____________________________________________________

اس صورتحال کے پیشِ نظر ایک انتہائی اہم سوال پیدا ہوتا ہے: اگر ان نوجوانوں کے خلاف شواہد اتنے ہی ٹھوس اور حتمی تھے جیسا کہ دعوی کیا جاتا ہے تو ایف آئی اے ان کے اعترافات حاصل کرنے کے لیے ایسے ظالمانہ طریقے کیوں اختیار کرتی ہے؟

پاکستان میں 400 سے زائد نوجوانوں کے خلاف توہینِ رسالت کے الزامات پر مقدمات چل رہے ہیں، جو کہ ایک نام نہاد "توہین رسالت کے کاروباری گروپ” کے ذریعہ تیار کئے گئے ہیں، جس کی سربراہی راؤ عبدالرحیم نامی ایک وکیل کر رہا ہے اور یہ سب کچھ ایف آئی اے حکام کے ساتھ ملی بھگت سے کیا جا رہا ہے۔ پچھلے چند مہینوں میں، ان میں سے بہت سے نوجوانوں کو وحشیانہ جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے اور ان کے خاندانوں کو دھمکیاں دی گئیں۔ صرف یہی نہیں بلکہ ان ملزمان کو تشدد کے ذریے اپنے مبینہ جرائم کا "اعتراف” کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔




جیلوں میں تشدد سے اموات

فاطمہ جہانگیر

فاطمہ جہانگیر، ایک زندہ دل 22 سالہ لڑکی، ایک پیاری بیٹی تھی جو اپنی خاموش، نرم اور شفیق طبیعت کے لیے جانی جاتی تھی۔ تقریباً چھ ماہ قبل اسے کوٹ لکھپت جیل میں حراست کے دوران المناک طور پر قتل کر دیا گیا۔ وہ چار بہن بھائیوں میں تیسرے نمبر پر تھی۔ اس نے ہائی سکول مکمل کر لیا تھا۔ گرفتاری سے پہلے وہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی سے انٹرمیڈیٹ کی تعلیم بطور فاصلاتی طالبہ حاصل کر رہی تھی اور لاہور میں قرآن مع تفسیر کی تعلیم بھی حاصل کر رہی تھی۔


اس کے خلاف توہین رسالت کا مقدمہ (ایف آئی آر نمبر: 106/22) شکایت کنندہ محمد عرفان نے درج کرایا۔ کیس کی پیروی ایف آئی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر مدثر شاہ نے کی۔ اسے چھبیس مئی دوہزار بائیس کو گرفتار کیا گیا تھا، اور وہ دواپریل دوہزار چوبیس کو کوٹ لکھپت جیل میں مسلسل ٹارچر کے بعد انتقال کر گئیں۔

محمد عرفان نے توہین مذہب کے کاروباری گروپ کے دیگر ارکان کی طرح مختلف افراد کے خلاف متعدد توہین رسالت کی ایف آئی آر درج کرا رکھی ہیں (محمد عرفان کی طرف سے درج کروائے گئے توہین مذہب کے مقدمات کی بنیاد پر پندرہ لوگ جیلوں میں قید ہیں)۔

محمد عرفان، اس کیس میں مدعی ہے جس میں ایف آئی اے نے فاطمہ جہانگیر کو گرفتار کیا۔ عرفان توہینِ مذہب کاروباری گروپ کا ایک فعال رکن ہے اور مختلف توہینِ مذہب کے مقدمات میں 15 افراد کے خلاف مدعی ہے، جو سب جیلوں میں ہیں۔ اس کے شناختی کارڈ پر درج پتہ اڈا ذخیرہ، چک نمبر 227/WB، تحصیل دنیاپور، ضلع لودھراں ہے۔ تاہم، ایف آئی آر میں اس نے جو پتہ دیا وہ یہ ہے: محمد عرفان ولد محمد رمضان، 12-ایف، جوہر ٹاؤن، مین بلیوارڈ، لاہور۔

رپورٹس اور کیس ریکارڈ سے یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ جیل میں رہتے ہوئے فاطمہ کی ذہنی صحت نمایاں طور پر بگڑ گئی، توہین مذہب کے الزام، تشدد اور بدسلوکی کی وجہ اس میں مزید اضافہ ہوا۔

اس کیس کی فائل کے جائزے نے پاکستان میں رائج نظام انصاف کی تباہ کن ناکامی کو بھی بے نقاب کیا۔ عدالتی سماعت کے دوران جج کو بتایا گیا کہ فاطمہ کا انتقال ہو گیا ہے، اور اس نے پھر فوت ہو جانے والی ملزمہ کو اگلی سماعت پر "طلب” کرنے کا حکم جاری کیا۔ حقائق کو عدالتی فائلوں میں جج کے پوسٹ مارٹم کا حکم دینے کا کوئی ثبوت نہیں ملا، جو کہ ریاستی دائرہ اختیار کے تحت ایک خاتون اسیر کی موت کی وجہ کا تعین کرنے میں ایک اہم قدم ہوسکتا تھا۔


27 مئی 2023 کو جیو اور جنگ گروپ نے فاطمہ کے ساتھ جیل میں ہونے والے ایک واقعے کی رپورٹنگ کرتے ہوئے غیر ذمہ دارانہ طور پر کہا کہ وہ توہین رسالت کی ‘مجرم’ ہے۔ یہ جھوٹی خبر تھی۔ فاطمہ کو کبھی بھی اس یا کسی دوسرے کیس میں مجرم نہیں ٹھہرایا گیا، فیکٹ فوکس نے اس حقیقت کی آزادانہ طور پر قانونی ٹیم اور عدالتی ریکارڈ کے ذریعے تصدیق کی۔ اس غیر ذمہ دارانہ رپورٹنگ نے فاطمہ کے خلاف منفی جذبات کو مزید ہوا دی۔ فاطمہ کو منظم طریقے سے قتل کیا گیا۔

فاطمہ جہانگیر کے بارے میں اخبار دی نیوز کی رپورٹ کی ایک تصویر جس میں غلط طور پر یہ لکھا گیا کہ وہ توہینِ مذہب کے مقدمے میں مجرم قرار دی گئی تھی۔

کوٹ لکھپت جیل میں منظم طریقے سے فاطمہ کو قتل کیا گیا۔ اپنے خاندان کے ساتھ اپنی آخری سے پہلی ہفتہ وار ملاقات میں، وہ انتہائی کمزور تھی اور کھڑے ہونے کے لیے جدوجہد کر رہی تھی۔ اس کی آخری ہفتہ وار میٹنگ کے وقت تک، وہ بالکل بھی کھڑے ہونے سے قاصر تھی۔ اس کی بگڑتی ہوئی حالت کے باوجود جیل انتظامیہ نے اسے کبھی اسپتال منتقل نہیں کیا یہاں تک کہ وہ مر گئی۔

فاطمہ کی موت کے حوالے سے غیر ذمہ دارانہ میڈیا رپورٹنگ نے پہلے سے پریشان حال اس کے خاندان کے صدمے میں مزید اضافہ کیا۔ سما نیوز نے رپورٹ کیا کہ ایک لڑکی جیل میں ہلاک ہو گئی اور اس کا خاندان لاش لینے تک نہیں آیا۔ سما نیوز نے اپنے قارئین کو یہ بتانے میں ناکام رہا کہ بے چاری فاطمہ کو توہینِ مذہب کے الزام میں جیل میں قید کیا گیا تھا۔ بلاسفیمی بزنس گروپ، ایف آئی اے اور پولیس ٹاؤٹس پر مشتمل ایک مافیا اس زاویے سے رپورٹنگ کا باقائدہ انتظام کرتا ہے کہ "خاندان لاش تک وصول کرنے نہیں آیا”۔ خاندان کے لاش وصول کرنے سے انکار کرنے کی بالکل اسی طرح کی بات چند دن قبل ڈاکٹر شاہنواز کنبہار کے قتل کے بعد عمرکوٹ، سندھ میں بھی رپورٹ کی گئی تھی، جو بعد میں جھوٹی ثابت ہوئی جب متاثرہ خاندان سامنے آیا اور پوری دنیا کو پولیس اور دہشت گردوں کے بارے میں سچ بتا دیا۔ فاطمہ کی موت کے وقت تک اس کے خلاف کوئی جرم ثابت نہیں ہوا تھا۔ سما نیوز نے اس کی موت کو ’پراسرار حالات‘ میں قرار دیا، یہ بتاتے ہوئے کہ جناح اسپتال موت کی وجہ معلوم نہیں کر سکا۔ جناح اسپتال کی اس ’تحقیقات‘ کو، جو سما نیوز نے رپورٹ کی، کوٹ لکھپت جیل حکام کے خلاف چارج شیٹ سمجھا جا سکتا تھا، لیکن اس پر کبھی کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

فیکٹ فوکس کی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی کہ فاطمہ کے خاندان کو سما نیوز کی جھوٹی رپورٹنگ پر شدید صدمہ پہنچا۔ خاندان کو فاطمہ کی موت کی اطلاع بہت دیر سے ملی، اور اسپتال میں انہیں بالکل تعاون نہ کرنے والے عملے کا سامنا کرتے ہوئے ایک جگہ سے دوسری جگہ بھاگنا پڑا۔ بالآخر، وہ اپنی بہادر بیٹی کی لاش حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے اور نماز جنازہ کے بعد اسے سپرد خاک کر دیا۔

لاہور کی اس بیٹی، جو کہ تفسیر قرآن کی طالبہ تھی، کو ایف آئی اے حکام اور توہین رسالت کے کاروبار کرنے والے گروپ کے ارکان نے اس جال میں پھنسایا۔ پانچ ماہ سے زائد کا عرصہ گزرنے کے باوجود آج تک بلاسفیمی بزنس گروپ اور ایف آئی اے کے مجرموں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

کوٹ لکھپت جیل کی انتظامیہ میں سے کوئی بھی سامنے آ کر بات کرنے کو تیار نہیں تھا۔ اس کیس میں ایف آئی اے تفتیشی افسر، مدثر شاہ، نے بھی مسلسل کوششوں کے باوجود فیکٹ فوکس سے بات نہیں کی۔

عبداللہ شاہ

عبداللہ شاہ 9 جون 2022 کو لاپتہ ہو گئے تھے، جس پر ان کے اہل خانہ نے راولپنڈی کے شالیمار پولیس سٹیشن میں رپورٹ درج کرائی (ایف آئی آر نمبر 342/22)۔ بعد میں پتہ چلا کہ عبداللہ کو توہین مذہب کے کاروباری گروپ نے ایک لڑکی کو استعمال کرتے ہوئے پھنسایا اور اغوا کیا تھا۔ اس کے بعد ایف آئی آر نمبر 73/2022 کے تحت اس پر توہین مذہب کا الزام لگایا گیا اور شکایت کنندہ راؤ عبدالرحیم تھا۔عبداللہ کو راؤ عبدالرحیم کے زیر انتظام جی ایٹ اسلام آباد میں ایک مقام پر لے جایا گیا، جہاں اقرار جرم حاصل کرنے کے لیے اسے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ اس وحشیانہ سلوک کے نتیجے میں بالآخر اس کی موت واقع ہوئی۔

راؤ عبد الرحیم، جو توہینِ مذہب کاروباری گروپ کا سربراہ اور عبداللہ شاہ کے خلاف مقدمے میں مدعی ہے۔ ایف آئی آر میں اس کا پتہ یہ درج ہے: راؤ عبد الرحیم ولد راؤ عبد القیوم، فلیٹ نمبر 5، ملک پلازہ، سیکٹر ایف-8 مرکز، اسلام آباد

پنجاب پولیس کی اسپیشل برانچ کی رپورٹ کے سیکشن 2 اے میں 2022 میں پی ایس شالیمار اسلام آباد کے رہائشی عبداللہ شاہ کے اغوا اور  قتل کے جرم میں راؤ عبدالرحیم ایڈوکیٹ کے ملوث ہونے کا تذکرہ کیا گیا ہے جو بعد میں ایف آئی اے اور بلاسفیمی بزنس گروپ کے شدید دباؤ کے تحت ہونے والے ایک سمجھوتے پر ختم ہوا۔ یہاں یہ ایک بنیادی سوال اٹھتا ہے کہ ایک نوجوان کی شدید ترین تشدد کے بعد ایک اذیت ناک موت کے بعد کس قسم کا سمجھوتہ کیا گیا اور کس کے ساتھ؟

خاندان اور دوستوں کے مطابق، عبداللہ کی موت کے بعد، اس کے والد کو خاموش رہنے کے لیے دھمکیاں دی گئی تھیں۔ ایف آئی اے نے توہین رسالت کے کاروباری گروپ کے ساتھ مل کر، عبداللہ کی موت کا الزام اس کے ساتھیوں پر ڈالنے کی سازش کی، جس سے اس سانحہ کو مزید پیچیدہ بنا دیا گیا۔ چند دن قبل ڈاکٹر شاہنواز کنبہار کے قتل کے بعد عمرکوٹ، سندھ میں بھی ڈاکٹر شہنواز کے قاتلوں نے اس قتل کو مزاحمت کے بعد پولیس مقابلے کا رنگ دینے کی کوشش کی ہے۔

سید علی حسنین شاہ




سید حسنین، ایک نوجوان اور پرجوش طالب علم، اپنی تنہا رہ جانے والی ماں اور ایک بہن کی کفالت کے لیے معقول آمدنی حاصل کرنے کے لیے انتھک محنت کر رہے تھے۔ ایک کم آمدنی والے گھرانے سے تعلق رکھنے والے، حسنین نے پہلے ہی اپنے والد کی موت کے نقصان کو برداشت کیا تھا۔ 24 اپریل 2024 کو، اسے ایف آئی اے اور بلاسفیمی بزنس گروپ کیلیے کام کرنے والے خاتون کردار ایمان کے ذریعے توہین مذہب کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا (ایف آئی آر نمبر 63/24)۔ صرف 46 دن بعد 9 جون 2024 کو حسنین جیل میں پراسرار حالات میں انتقال کر گئے۔




فیکٹ فوکس نے حسنین کی آخری رسومات کے دوران حسنین کی لاش کی تصاویر حاصل کیں، جن میں واضح طور پر تشدد کے شدید نشانات دکھائی دے رہے تھے۔ حسنین کو ابتدائی طور پر ایف آئی اے اور بلاسفیمی بزنس گروپ کی طرف سے کافی دنوں تک حراست میں رکھا گیا اور مسلسل بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ بعد میں اسے اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔ ان کی اندرونی چوٹیں اتنی شدید تھیں کہ وہ عدالت کی سماعتوں میں شرکت کرنے سے بھی قاصر تھے۔ اس بگڑتی ہوئی حالت کے باوجود، اسے جیل کی طبی سہولیات میں صرف درد ختم کرنے والی (پین کلر) ادویات دی گئیں۔

ایک رات، حسنین کی حالت نمایاں طور پر بگڑ گئی، دوسرے قیدیوں نے جیل کے عملے کی توجہ مبذول کرنے کے لیے الارم بجانے پر مجبور کیا۔ اس کے ساتھی قیدیوں کے مطابق اس رات جیل میں ہی اس کا انتقال ہوا۔ تاہم، اس کی لاش کو ہسپتال کے حوالے کر دیا گیا، جب کہ اہل خانہ کو یہ باور کر کے گمراہ کیا گیا کہ ان کا بیٹا ابھی زندہ ہے لیکن تشویشناک حالت میں ہے۔ علی حسنین کی والدہ کو توہین رسالت کے کاروباری گروپ کے ارکان کی طرف سے خاموشی کی دھمکی دی گئی تھی اور فیکٹ فوکس کی جانب سے تبصرے کے لیے ان سے رابطہ کرنے کے باوجود انہوں نے اسی خوف کی وجہ سے کوئی بات نہ کی۔ اس کیس میں محمد عثمان صدیقی شکایت کنندہ تھے اور ایف آئی آر تفتیشی افسر انسپکٹر علی اویس تھے۔

ایف آئی آر میں مدعی کا پتہ اس طرح درج ہے: محمد عثمان صدیقی ولد مشرف حسین صدیقی، مکان نمبر DAA 10، گلی نمبر 6، محلہ ڈھوک علی اکبر، کُری روڈ، صادق آباد، راولپنڈی۔

اڈیالہ جیل کی انتظامیہ نے سرکاری مؤقف کے لیے کی گئی فیکٹ فوکس کی کوششوں کا جواب نہیں دیا۔

سوہان خان


سوہان خان ولد شاہ جہاں کو پندرہ مئی دوہزار تئیس کو ایف آئی آر نمبر 13/2023 کے تحت گرفتار کیا گیا تھا۔ افسوسناک طور پر، وہ یکم جون دوہزار تئیس کو ملیر سنٹرل جیل میں شدید تشدد کی وجہ سے گرفتاری کے صرف دو ہفتے بعد انتقال کر گئے۔ ساتھی قیدیوں کے مطابق سوہان کو لکڑی کے ڈنڈوں سے بے دردی سے زیادتی کا نشانہ بنایا گیا جس سے وہ تشویشناک حالت میں چلا گیا۔


سول سوسائٹی کے ارکان کی متعدد درخواستوں کے باوجود ملیر جیل اور ایف آئی اے نے ان کی پوسٹ مارٹم رپورٹ جاری نہیں کی۔ سوہن کے خلاف مقدمہ اتنا کمزور تھا کہ اس کی موت کے بعد جج نے اسی ایف آئی آر میں باقی ملزمان کو ضمانت دے دی۔ جج نے نوٹ کیا کہ تفتیشی ریکارڈ مبہم تھا، جس میں ملزم کی گرفتاری اور گرفتاری کے حالات پر سوال اٹھایا گیا، خاص طور پر ایف آئی آر درج کرنے سے پہلے گرفتاری۔ یہ بھی نوٹ کیا گیا کہ ملزم کا فون  تفتیش کے دوران مختلف ہاتھوں میں رہا تھا، اور ضبطگی کی دستاویز  یہ واضح کرنے میں ناکام رہی تھی کہ آیا فون کو صحیح طریقے سے سربمہر نہیں کیا گیا تھا۔ کیس کی تفتیش ایف آئی اے کراچی کے ڈپٹی ڈائریکٹر شہباز خان کر رہے ہیں۔

عدالت کے حکم کا متعلقہ حصہ، جو سوہان خان کی موت کے بعد شریک ملزم کی ضمانت کی درخواست کے کیس میں جاری کیا گیا، واضح طور پر بیان کرتا ہے کہ ملزمان کے خلاف الزامات کے شواہد نہیں تھے۔

سوہان خان جس کیس میں گرفتار ہوئے اس کیس کیس میں گرفتار باقی ملزمان کی ضمانت کا فیصلہ، جس میں سوہان کی موت کے بعد اس کیس میں شواہد کو ناکافی اور تفتیش کو ناقص قرار دیا گیا۔ (ایک پی ڈی ایف فائل ڈاؤن لوڈ ہو گی)

سوہان خان کا شکایت کنندہ، محمد علی صدیقی مبینہ طور پر حافظ احتشام احمد کے ماتحت کام کر رہا ہے، جو لال مسجد سے وابستہ ہے اور کراچی میں توہین مذہب گروپ کی "توسیعی” سرگرمیوں میں ملوث ہے۔ اس وقت کراچی میں توہین مذہب کے اس کاروباری گروپ کے پچپن متاثرین ہیں۔

ایف آئی آر میں مدعی کا پتہ اس طرح درج ہے: محمد علی صدیقی ولد اخلاق احمد صدیقی، مکان واقع نزد حافظ سویٹس، ملیر-15، کراچی۔

فیکٹ فوکس کی جانب سے سوہان خان کے قتل کے حالات کے بارے میں تفصیلی وضاحت کی درخواست کو ملیر سینٹرل جیل کے سپرنٹنڈنٹ نے قبول نہیں کیا۔


سفیر اللہ


لکی مروت سے تعلق رکھنے والے سفیر اللہ ولد محمد خان اکتیس دسمبر دوہزار تئیس کو لاہور کیمپ جیل میں بائیس سال کی عمر میں المناک طور پر انتقال کر گئے (ایف آئی آر نمبر 53/2023)۔ خاندانی دوستوں کے مطابق، سفیر ذیابیطس کے مریض تھے اور ہائی بلڈ پریشر کا شکار تھے، اور دوران حراست تشدد کی وجہ سے انہوں نے جو اذیتیں اٹھائیں اس سے ان کی بیماری مزید بڑھ گئی۔ طبیعت بگڑنے پر انہیں سرکاری اسپتال لے جایا گیا، لیکن فوری طور پر وینٹی لیٹر دستیاب نہیں تھا۔ ان کی نازک حالت کے باوجود جیل حکام نے انہیں نجی اسپتال تک رسائی نہیں دی۔ سفیر بالآخر تشدد اور ناکافی طبی سہولیات کے مشترکہ اثرات کی وجہ سے چل بسا۔

ان کے کیس کی ایف آئی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد اقبال کے پاس تھی جبکہ اس کیس میں شکائت کنندہ محمد نعمان یوسف اور عبدالمجید ندیم تھے۔ ان کے ائڈریسز درج ذیل ہیں۔ محمد نعمان یوسف، ڈاک خانہ کاہنہ، نودھلوکے، تحصیل لاہور۔ عبدالمجید ندیم ولد محمد سردار، سکونت چک نمبر 66EB، ضلع پاکپتن۔


بلاسفیمی بزنس گروپ اور ایف آئی کا مشترکہ تشدد کا اڈہ


اسلام آباد میں مکان نمبر 455  گلی 75 جی ایٹ ون کو توہین مذہب کے کاروباری گروپ کی مجرمانہ سرگرمیوں کے لیے ایف آئی اے کی سرپرستی میں خاص طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ اکثر متاثرین کو مختلف طریقوں اور لالچ سے اغوا کر کے پہلے اس مقام پر لایا جاتا ہے۔ راؤ عبدالرحیم، شیراز فاروقی اور اس گروپ کے دیگر اہم اراکین متاثرین کے پہنچنے پر موجود ہوتے ہیں۔ یہاں وہ متاثرین کے فون ضبط کر کے ایمان یا اس گروپ کی کسی بھی رکن کی طرف سے بھیجے گئے کسی بھی مجرمانہ پیغامات کو حذف کر دیتے ہیں اور اعترافات لینے کی کوشش میں متاثرین کو شدید تشدد کا نشانہ بناتے ہیں۔

یہ سارا کھیل انصاف کے تقاضوں اور بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کی نشاندہی کرتا ہے۔ یہ ٹارچر اینڈ کسٹوڈیل ڈیتھ (روک تھام اور سزا) ایکٹ 2022 کی بھی خلاف ورزی ہے۔ یہاں متاثرین کو وحشیانہ سلوک کا نشانہ بنایا جاتا ہے، جس میں برہنہ حالت میں مارپیٹ کرنا ان کے جنسی اعضاء کو بجلی کے جھٹکے لگانا اور ان کے منہ اور جنسی اعضاء میں زبردستی لاٹھیاں ٹھوسنا شامل ہیں۔ یک بار جب متاثرہ شخص اس تشدد کے سبب مبینہ "جرم” کا اعتراف کر لیتا ہے، تو انہیں ایف آئی اے کے حراستی مراکز میں منتقل کر دیا جاتا ہے، جہاں ان کے خلاف پہلے سے ہی ایف آئی آر تیار ہوتی ہے۔ اس طرح ان کی قسمت کا تعین اس تشدد اور شواہد میں ردوبدل سے کیا جاتا ہے۔

ٹیکنالوجی میں حالیہ ترقی سے توہین رسالت کے قوانین کے تحت متاثرین کے استحصال میں مزید تیزی کا رجحان

فروری 2024 میں، CNN ایشیا نے 25 ملین ڈالر کے مالی فراڈ کے کیس کی خبر دی جس میں ایک ملٹی نیشنل کمپنی میں ایک فنانس ورکر کو ڈیپ فیک ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے جعلسازوں نے دھوکہ دیا۔ جعلسازوں نے ایک ویڈیو کال میں کمپنی کے سی ایف او اور دیگر سینئر ایگزیکٹوز کی نقالی کی، جس میں تمام شرکاء کو ایک تفریحی سرگرمی میں دکھایا گیا تھا۔ ڈیپ فیک ٹیکنالوجی اور آرٹیفیشیل انٹیلیجنس سمیت ٹیکنالوجی میں ہونے والی حالیہ ترقی کو دیکھتے ہوئے اور ایف آئی اے میں ڈیٹا اور ڈیوائس کے جائزے کے پرانے طریقوں کے استعمال والی صلاحیتوں کے ساتھ، کیا واقعی توہین مذہب کے الزام میں انصاف فراہم کیا جا سکتا ہے؟ یہ تشویش اس حقیقت سے بڑھ گئی ہے کہ توہین رسالت کے قوانین کو سزائے موت سے جوڑ دیا جاتا ہے اور اکثر ذاتی تنازعات کو طے کرنے، سیاسی انتقام لینے، مالی فوائد حاصل کرنے یا طاقت کا دعویٰ کرنے کے لیے غلط استعمال کیا جاتا ہے، جیسا کہ توہین مذہب کے کاروباری گروپ کی کارروائیوں سے مسلسل ظاہر ہوتا آ رہا ہے۔

ضیاء الحق کی آمریت کے دوران پاکستان میں توہین رسالت کے قوانین جارحانہ ہو گئے اور پھر اس میں سزائے موت کا اضافہ کیا گیا۔ 1990 کی دہائی میں توہین رسالت کے مقدمات کی تعداد بہت کم تھی اور ان میں قرآن کے صفحات کو جلانے یا زبانی ‘توہین رسالت’ کرنے جیسے الزامات شامل تھے۔ آج ٹیکنالوجی کے ارتقاء کے ساتھ، یہ صورتحال بدل گئی ہیں کیونکہ "توہین رسالت” کے الزامات نے ڈیجیٹل شکل اختیار کر لی ہے۔

 


جب کسی پر سیل فون جیسی ڈیوائس کا استعمال کرتے ہوئے توہین مذہب کا الزام لگایا جاتا ہے، تو جرم ثابت کرنے کے لیے ایک مکمل فرانزک تجزیہ کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس بات کا تعین کرنا بہت ضروری ہے کہ آیا اس ڈیوائس کے ساتھ چھیڑ چھاڑ تو نہیں کی گئی، جیسے کہ توہین مذہب کے کاروباری گروپ کے ممبران اور ایف آئی اے حکام  کرتے ہیں۔ بدقسمتی سے فی الحال ایسا نہیں ہے، ایف آئی اے کے پاس فرانزک کی بہت محدود صلاحیتیں ہیں اور زیادہ تر ڈیوائس کا صرف تکنیکی تجزیہ ہوتا ہے، زیادہ تر معاملات کا فیصلہ ایف آئی اے کے افسران اپنے مذہبی عقیدوں کے مطابق کرتے ہیں نہ کہ قانوں یا ایس او پیز کا خیال رکھتے ہوئے۔ کسی بھی طرح کے سائبر کرائم میں شکائت درج ہونے کی صورت میں جس کے خلاف شکائت ہو اس کے زیر استعمال موبائل یا دوسرے ڈیجیٹل ڈیوائسز کا فرانزک تجزیہ تو ہونا ہی ہوتا ہے مگر سب سے پہلے شکائت درج کروانے والے شخص کے موبائیل یا لیپ ٹاپ یا دونوں کا فارنزک تجزیہ ہوتا ہے مگر اس نمائندے کو ایف آئی اے کے ایک اہم اہلکار نے یہ دلچسپ مگر انتہائی افسوس ناک حقیقت بتائی، جس کی تصدیق بھی کی گئی، کہ بلاسفیمی کے کیسز میں متعلقہ افسران کے مذہبی عقیدے کی وجہ سے شکائت درج کروانے والے شخص کے موبائل یا اس کے زیر استعمال دیگر ڈیجیٹل ڈیوائسز کا فارنزک تجزیہ تک نہیں کیا جاتا۔ اس کی ہر بات صرف درست ہی نہیں، بعض اوقات تو الہامی تک تصور کیا جاتا ہے۔ اس بات کا تعین کیے بغیر کہ اصل بھیجنے والا کون تھا یا مواد موصول ہونے / تخلیق کرنے کے وقت ڈیوائس کا مقام کیا تھا۔ یہ صورت بھی ہو سکتی ہے کہ کسی کی بھی ڈیوائس چھینی جائے۔ اور مجرموں کی طرف سے گستاخانہ مواد شامل کیا جائے۔ اور ایف ائی اے  اصل گستاخ کے اس بدنیتی پر مبنی ارادے کو ثابت نہیں کر سکتی۔ مگر ایف آئی اے افسران سے لے کر کیسز سننے والے ججز تک ہر کسی کو بلاسفیمی بزنس گروپ ایک خاص طرح کے پریشر میں رکھتا ہے۔ بلاسفیمی بزنس گروپ کا سربراہ راؤ عبدالرحیم بہت سے دہشت گردوں اور انتہا پسندوں کو لے ان معصوم ملزمان کی پیشی کے دن متعلقہ عدالت پہنچتا ہے، خوف و ہراس کی ایک فضا قائم کرتا ہے۔ کیس کی سماعت سے پہلے اور بعد میں با آواز بلند، گستاخ رسول کی ایک ہی سزا، سر تن سے جدا کے نعرے لگائے جاتے ہیں جبکہ کسی ملزم کے خلاف کچھ بھی ثابت نہیں ہوا ہوتا۔ ججز کو اپنی جان کی پڑ جاتی ہے اور اپنی جان بچانے کیلیے کہانیوں اور تخلیق شدہ شواہد کی بنیاد پر معصوم بچوں کو سزا سنا دیتے ہیں۔


ایسے کیسز کا جائزہ لینے والے ججوں نے عدالتی کارروائی کے دوران بہت کم مقدموں کے دوران تفتیشی عمل میں ان خامیوں کو اجاگر کیا ہے اور ایف آئی اے سے کہا کہ وہ آزادانہ تجزیہ کرے گو کہ پاکستان میں اس طرح کے تجزیہ کرنے کی ڈیجیٹل صلاحیتیں بہت محدود ہیں۔ رٹ پٹیشن 341/2022 کے تناظر میں، اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس بابر ستار نے پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کو درخواست گزار کی ڈیوائس کی آزادانہ تحقیقات کا حکم دیا۔ اس تفتیش کا مقصد متاثرہ ملزم کی ڈیوائس کے ساتھ کی جانے والی چھیڑ چھاڑ کے الزامات کو حل کرنا ہے۔

عالمی سطح پر ٹیکنا لوجی کی ترقی کے تناظر میں ان کیسز میں ہونے والی کاروائی ایک انتہائی تشویشناک صورتحال ہے کیونکہ گستاخانہ ویڈیوز بنانے کے لیے ذاتی اور سیاسی انتقام یا مالی فائدے کے لیے بلیک میلنگ کے لیے گستاخانہ خاکے بنائے جا سکتے ہیں۔ توہین مذہب کے قوانین کے حوالے سے پاکستانی معاشرے میں رائج عوام کے ہجوم کی جناب سے ہونے والے انصاف کے نام پر تشدد کے رحجان پر غور کیا جائے تو یہ ایک ٹک ٹک ٹائم بم ہے۔

ڈیپ فیک اور آرٹیفیشیل انٹیلیجنس سے تیار کردہ مواد کا پتہ لگانے کے لیے بین الاقوامی سطح پر کچھ جدید ٹولز دستیاب ہیں جن میں ڈیپ فیک ویئر سکینر، ٹروپک، اور سینسٹی شامل ہیں۔ فرانزک جائزہ کے عمل کی ٹیکنالوجی کو اپ گریڈ کرنے کا ارادہ ہو بھی جائے، تو ان ٹولز کو لاگو کرنے میں وقت درکار ہوگا۔ اس وقت تک توہین رسالت کے کاروباری گروپ کے متاثرین کی قسمت ایک دھاگے سے لٹکی ہوئی ہے-  اگر پارلیمنٹ کی طرف سے فوری طور پر ذمہ دارانہ قانون سازی کے ذریے نہ نمٹا گیا تو توہین مذہب کے الزام کا فساد مستقبل قریب میں قومی سلامتی کا مسئلہ بن سکتا ہے۔ بلکہ بنتا ہوا نظر آ رہا ہے۔



ا