ایس ای سی پی نے باجوہ کمپنیز کے آن لائن ریکارڈ میں ردو بدل کی

ایس ای سی پی کا وضاحت کرنے سے انکار

سیکورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان، جو کہ ملک میں قائم کمپنیوں کو ریگولیٹ کرنے کا ادارہ ہے، نے ایک غیر معمولی اقدام اٹھاتے ہوئے لیفٹیننٹ ریٹائرڈ جنرل عاصم سلیم باجوہ کے خاندان کی چھ ملکیتی کمپنیوں میں سے پانچ کمپنیوں کے آن لائن ریکارڈ کو اپنی ویب سائٹ سے حذف کر دیا۔ ایسا اس وقت کیا گیا جب فیکٹ فوکس عاصم سلیم باجوہ کے دو عشروں پر محیط کیرئر میں انکی اہم عہدوں پر تعینیاتی کے دوران ان کے خاندان کے چار مختلف ممالک میں بنائے گئے اثاثہ جات کے حوالے سے تحقیق کر رہا تھا۔

باجوہ خاندانی کی ملکیتی ایس ای سی پی کے ساتھ رجسٹرڈ چھ کمپنیوں میں سے پانچ عاصم باجوہ کے بیٹوں کی ملکیت تھیں، جن کا ریکارڈ ڈیلیٹ کیا گیا جبکہ چھٹی کمپنی انکے بھائیوں کی ملکیت تھی جس کا ریکارڈ ایس ای سی پی کی ویب سائیٹ پر برقرار رہا۔

اکتیس جولائی بروز جمہ سے دو اگست بروز اتوار تک پاکستان میں عیدالضحیٰ کی چھٹیاں تھیں۔ جب پاکستانی قوم عید منا رہی تھی تو سیکورٹی اور ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے دفتر میں کوئی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ کے بیٹوں محمد سلیم باجوہ، یوشع سلیم باجوہ اور عازب سلیم باجوہ کی ملکیتی کمپنیوں کے حوالے سے ریکارڈ غائب کرنے میں مصروف تھا۔

فیکٹ فوکس نے اکیس جولائی دو ہزار بیس سے عاصم باجوہ کے خاندان کے افراد کی چار مختلف ممالک میں ملکیتی کمپنیوں کے آن لائن ریکارڈ کا ڈیجیٹل فٹ پرنٹ محفوظ کرنا شروع کر دیا تھا۔

عید کی چھٹیوں کے فوراً بعد تین اگست اگست دو ہزار بیس کو سومورا کے دن فیکٹ فوکس کی ٹیم کے مشاہدے میں یہ بات آئی کہ عاصم باجوہ کے بیٹوں کی ملکیتی کمپنیوں سے متعلق آن لائن ریکارڈ ایس ای سی پی کی ویب سائیٹ سے غائب ہے۔ فیکٹ فوکس نے پاکستان میں مختلف مقامات سمیت دنیا میں مختلف جگہوں سے مختلف کمپیوٹرز کے ذریعے ایس ای سی پی کی ویب سائٹ کو بارہا چیک کیا۔ ان کمپنیوں سے متعلق ریکارڈ غائب کر دیا گیا تھا۔ ایس ای سی پی اپنی ویب سائیٹ پر کمپنیوں کی بنیادی معلومات کے علاوہ کمپنی کے ڈائریکٹرز معلومات فراہم کرتی ہے۔ یہی ریکارڈ، یعنی عاصم باجوہ کے بیٹوں کے بطور ڈائریکٹر نام ایس ای سی پی ویب سائیٹ سے غائب کر دیے گئے۔

فیکٹ فوکس نے سوموار تین اگست سے دوبارہ ڈیجیٹل شواہد اپنے پاس محفوظ کرنا شروع کر دیئے۔ یہ ریکارڈ ستائیس اگست بروز جمعرات پاکستانی وقت کے مطابق شام سات بجے باجوہ خاندان کے کاروباروں سے متعلق خبر شائع ہونے کے کئی گھنٹوں بعد تک غائب رہا۔ باجوہ خاندان کے چار مختلف ممالک میں کاروباروں سے متعلق خبر میں ایس ای سی پی کی ویب سائیٹ پر رونما ہونے والی تبدیلیوں کا ذکر کیا گیا تھا۔ اٹھائیس اگست بروز جمعہ یہ دیکھا گیا کہ ایس ای سی پی کی ویب سائٹ پرمذکورہ ڈیٹا دوبارہ ظاہر ہو گیا ہے۔ ڈیٹا کے غائب اور ظاہر کیئے جانے کے تمام شواہد فیکٹ فوکس کے پاس موجود ہیں۔ جن میں کچھ ریکارڈ جو کہ ممکن تھا اس خبر ساتھ شیئر کیا جا رہا ہے۔

Mochi Cordwainers SECP Reco… by Fact Focus

ایس ای سی پی کی ویب سائیٹ پر تین اگست اور اٹھائیس اگست کو کمپنی موچی کارڈوینرز کا ریکارڈ، تین اگست کو ڈائریکٹرز کا ریکارڈ غائب ہے جو کہ ستائیس اگست کو فیکٹ فوکس کی خبر چھپنے کے بعد اٹھائیس اگست کو دوبارہ نمودار ہو گیا۔ (قائین اوریجنل فائلز کا مشاہدہ خبر کے آخر میں دے گئے تمام کمپنیوں کے ریکارڈ کے لنک سے مکمل فولڈر ڈائون لوڈ کر کے کر سکتے ہیں۔)

اکتیس اگست دو ہزار بیس کو فیکٹ فوکس سے بات کرت ہوئے ایس ای سی پی کے چئیرمین عامر خان نے اپنے زیراثر ادارے میں والی ڈیٹا کی اتنی اہم تبدیلی کے بارے میں بات کرنے سے انکار کر دیا۔

فیکٹ فوکس سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایس ای سی پی کے ترجمان سے بات کی جائے کیونکہ ایس ای سی پی میں یہی طریقہ کار رائج ہے۔

جب انھیں یہ یاد دلایا گیا کہ کمیشن کے چئیرمین کے طور پر وہ ایس ای سی پی کے چیف سپوکس پرسن بھی ہیں اور ان سوالات کا براہِ راست تعلق ان سے ہے۔ اور چونکہ اس سطع پر ریکارڈ میں یوں اچانک اتنی اہم تبدیلی کمیشن کی سینئر قیادت کے حکم کے بغیر ناممکن ہے، تو اس پر بھی چیئرمین ایس ای سی پی اس بات پر مصر رہے کہ وہ بات نہیں کریں گے اس نمائندے کو میڈیا سیکشن سے رابطہ کرنا چاہیے۔

فیکٹ فوکس کی جانب سے دوبارہ پوچھا گیا کہ کیا وہ ریکارڈ میں لائی جانے والی اس تبدیلی سے آگاہ تھے یا کیا انھوں نے اس حوالے سے کسی انکوائری کا حکم دیا؟ اس پر ان کا کہنا تھا کہ وہ فیکٹ فوکس کی طرف سے بھیجے جانے والے سوالات متعلقہ شعبہ کو بھیجیں گے اور میڈیا سیکشن سے کوئی افسر فیکٹ فوکس سے رابطہ کر لے گا۔

ان کا کہنا تھا ” ہم آپ کے سوالات کا یقینی طور پر جواب دیں گے”۔ تاہم بار بار یاد دہانی کرائے جانے کے باوجود ایس ای سی پی کی جانب سے کوئی جواب نہیں دیا گیا۔ ابتدائی طور پر سوالات بھیجنے کے بعد فیکٹ فوکس نے ایس ای سی پی کے جواب آنے کا بارہ دن تک انتظار کیا اور اس دوران بارہا یاد دہانی بھی کروائی۔

جن کمپنیوں کے آن لائن ریکارڈ میں ردو بدل کر کے عاصم باجوہ کے بیٹوں کے نام بطور ڈائریکٹرز ہٹائے گئے، ان کے نام درج ذیل ہیں،
سائن بلڈرز اینڈ اسٹیٹس
ہمالیہ واٹرز
موچی کارڈوینرز
ایڈوانسڈ مارکیٹنگ
سائن بلڈرز ایل ایل پی ایل ایل پی ایل ایل پی

باجوہ خاندان کی ایس ای سی پی میں رجسٹرڈ ملکیتی چھ کمپنیوں میں سے اوپر دی گئی پانچ کمپنیوں جو بیٹوں کی ملکیت تھیں کے آن لائن ریکارڈ میں ردوبدل کی گئی جب کہ چھٹی کمپنی سلک لائنز انٹرپرائزز جو کہ عاصم باجوہ کے بھائیوں کی ملکیت ہے کے ریکارڈ میں تبدیلی نہ کی گئی۔

چیئرمین ایس ای سی پی کو عاصم باجوہ کے بیٹوں کی ملکیتی پانچ کمپنیوں کے آن لائن ریکارڈ میں ردبدل کرنے کے حوالے سے مندرجہ ذیل سوالات بھیجے گئے۔

کیا آن لائن ریکارڈ کا غائب ہو جانا آپ کے علم میں ہے؟

اگر یہ بات آپ کے علم میں تھی تو کیا آپ نے اس سے متعلق کسی انکوائری کا حکم دیا؟

اگر انکوائری کا حکم دیا گیا تو کیا معلومات سامنے آئیں؟

ریکارڈ کا غائب کر دیا جانا ایس ای سی پی کی اعلی قیادت کے حکم کے بغیر ممکن نہیں۔ کیا لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم باجوہ یا ان سے تعلق رکھنے والے کسی شخص نے آپ سے یا ایس ای سی پی کے اعلٰی عہدیداروں میں سے کسی سے اس حوالے سے رابطہ کیا تھا؟

چئیرمین ایس ای سی پی نے کہا کہ وہ یہ سوالات میڈیا سیکشن کو بھیج دیں گےمگر آج تک ان سوالوں کے کوئی جواب موصول نہیں ہوئے۔

SCION Builders & Estate… by Fact Focus

ایس ای سی پی کی ویب سائیٹ پر اکیس جولائی، تین اگست اور اٹھائیس اگست کو کمپنی سائن بلڈرز اینڈ اسٹیٹس کا ریکارڈ، اکیس جولائی کو کمپنی ڈائریکٹرز کا ریکارڈ موجود ہے، تین اگست کو ڈائریکٹرز کا ریکارڈ غائب ہے جو کہ ستائیس اگست کو فیکٹ فوکس کی خبر چھپنے کے بعد اٹھائیس اگست کو دوبارہ نمودار ہو گیا۔ (قائین اوریجنل فائلز کا مشاہدہ خبر کے آخر میں دے گئے تمام کمپنیوں کے ریکارڈ کے لنک سے مکمل فولڈر ڈائون لوڈ کر کے کر سکتے ہیں۔)

ایس ای سی پی ہیڈآفس مرکزی حثییت رکھتا ہے اور پالیسیاں بناتا اور ان پر عملدرآمد یقینی بناتا ہے۔ ہیڈ آفس کے تحت علاقائی سطح پر کمپنییز رجسٹریشن آفسز (سی آر اوز) ایس ای سی پی کے ذیلی دفاتر ہیں جہاں پر درحقیقت کمپنیاں رجسٹر کی جاتی ہیں۔ علاقائی سی آر او کے دفاتر اسلام آباد، پشاور، لاہور، فیصل آباد، ملتان، کراچی، کوئٹہ، سکھر اور گلگت میں ہیں۔ ہر علاقے کا سی آر او صرف ان کمپنیوں کے آن لائن ریکارڈ میں تبدیلیاں لا سکتا ہے جو وہاں رجسٹر ہوں۔ ایک سی آر ار کسی دوسرے سی آر او میں رجسٹرڈ کمپنیوں کے ریکارڈ میں تبدیلی نہ کر سکتا۔ ان تمام سی آر اوز میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی سنٹرل ڈیٹا بیس ایس ای سی پی ہیڈ آفس میں ہے جہاں سے کسی بھی سی آر او میں رجسٹرڈ کمپنیوں کے ریکارڈ میں تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔

سسٹم میں کسی بھی کمپنی کے ریکارڈ میں تبدیلی کی صورت میں ایک آٹومیٹک نظام کے تحت ان تبدیلیوں کے باقائدہ لاگز بنتے ہیں۔ ان لاگز سے باآسانی پتا لگایا جا سکتا ہے کہ کسی بھی کمپنی کے ریکارڈ میں کون سی تبدیلی کب لائی گئی اور کہاں سے لائی گئی۔

وہ تمام پانچ کمپنیاں جن کا ریکارڈ ایس ای سی پی کی ویب سائٹ سے غائب کیا گیا، اسلام آباد سی آر او میں رجسٹر تھیں۔ جیسے کہ پہلے بتا گیا کہ اسلام آباد سی آر او کا ریکارڈ کسی دوسرے سی آر او سے تبدیل یا غائب نہیں کیا جا سکتا۔ ان کمپنیوں کے ریکارڈ میں تبدیلی صرف اسلام آباد سی آر او یا ایس ای سی پی کے ہیڈ آفس سے ممکن تھی۔

نوٹ: فیکٹ فوکس نے کمپنیوں کے آن لائن ریکارڈ میں کی جانے والی ان تمام تبدیلیوں کے ڈیجیٹل فٹ پرنٹس ہر فارمیٹ میں محفوظ کیے ہیں۔ ان تبدیلیوں کو اس خبر میں دی گئی سلائیڈز میں دکھایا گیا ہے۔ قارئین اس خبر کے آخر میں دیے گئے لنک سے زِپ فائل اپنے کمپیوٹرز پر ڈائون لوڈ کر کے، اسے ان زپ کر اصلی فائلز کا مشاہدہ بھی کر سکتے ہیں۔ ان اوریجینل فائلز کی پراپرٹیز میں ان فائلز کی محفوظ کرنے کی تاریخ بھی دیکھی جا سکتی ہے۔

Advanced Marketing SECP Rec… by Fact Focus

ایس ای سی پی کی ویب سائیٹ پر تین اگست اور اٹھائیس اگست کو کمپنی ایڈوانسڈ مارکیٹنگ کا ریکارڈ، تین اگست کو ڈائریکٹرز کا ریکارڈ غائب ہے جو کہ ستائیس اگست کو فیکٹ فوکس کی خبر چھپنے کے بعد اٹھائیس اگست کو دوبارہ نمودار ہو گیا۔ (قائین اوریجنل فائلز کا مشاہدہ خبر کے آخر میں دے گئے تمام کمپنیوں کے ریکارڈ کے لنک سے مکمل فولڈر ڈائون لوڈ کر کے کر سکتے ہیں۔)

Scion LLP LLP LLP Record Ta… by Fact Focus

ایس ای سی پی کی ویب سائیٹ پر اکیس جولائی، تین اگست اور اٹھائیس اگست کو مپنی سائن بلڈرز ایل ایل پی ایل ایل پی ایل ایل پی کا ریکارڈ، اکیس جولائی کو کمپنی ڈائریکٹرز کا ریکارڈ موجود ہے، تین اگست کو ڈائریکٹرز کا ریکارڈ غائب ہے جو کہ ستائیس اگست کو فیکٹ فوکس کی خبر چھپنے کے بعد اٹھائیس اگست کو دوبارہ نمودار ہو گیا۔ (قائین اوریجنل فائلز کا مشاہدہ خبر کے آخر میں دے گئے تمام کمپنیوں کے ریکارڈ کے لنک سے مکمل فولڈر ڈائون لوڈ کر کے کر سکتے ہیں۔)

مکمل ریکارڈ۔
یہ لنک ایک گوگل ڈرائیو کا لنک ہے جس پر تمام ڈیٹا دو فائل فارمیٹس، زِپ فائل اور آر اے آر فائل میں موجود ہے۔ قارئین، کوئی ایک فائل اپنے کمپیوٹر پر ڈائون لوڈ کر کے، اسے ان زپ کرکے اوریجنل فائلز کا مشاہدہ کر سکتے ہیں۔ فائلز کی پراپرٹیز میں فائل محفوظ کرنے کی تاریخ دیکھی جا سکتی ہے۔

Scroll to Top